لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کر دی گئی

متعدد ٹرینوں کو آج کے روز کیلئے معطل کر دیا گیا۔ترجمان ریلوے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔اے آر وائے نیوز کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور پشاور سے لاہور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔متعدد ٹرینوں کو آج کے روز کیلئے معطل کیا گیا ہے۔ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، سرگودھا ،سانگلہ ہل اور شیخوپورہ لاہور روانہ کیا جائے گا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق سبک خرام،اسلام آباد ایکسپریس،راول ایکسپریس کو آج معطل کیا گیا ہے ۔جبکہ جعفر ایکسپریس کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے جبکہ خیبر میل کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق گرین لائن کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔

تیزگام ایکسپریس کو راولپنڈی لاہور اور کراچی کے درمیان جبکہ پاکستان ایکسپریس کو راولپنڈی اور کراچی کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی جانب مارچ اور دھرنے کی وجہ سے 10 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ، مارچ اور دھرنے کے باعث 10 ٹرینیں منسوخ ہونے کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو چند روز میں49 لاکھ روپے کا نقصان ہوگیا۔ ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ریلوے انتظامیہ کی جانب سے لاہور ، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان چلنے والی مختلف ٹرینوں کو کسی بھی ناگہانی واقعے سے بچنے کیلئےدیگر روٹس سے چلایا گیا جس کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو ڈیزل کی مد میں زیادہ اخراجات کرنا پڑے جب کہ ٹرینیں منسوخ ہونے کے باعث مسافروں کو ری فنڈ بھی کرنا پڑا۔
دوسری طرف پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، مسافر ٹرینوں کا کرایہ 10 اور فریٹ ٹرینوں کا 5 فیصد بڑھایا جائے گا، ریلوے کمیٹی نے15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی تھی ، ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے کی مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے کرائے بڑھانے سے متعلق تشکیل کردہ کمیٹی 15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی ہے، جس پر ریلوے حکام نے مسافر ٹرینوں کا کرایہ 10 اور فریٹ ٹرینوں کا 5 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں