این سی او سی کا 60 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان

اسلام آباد، منڈی بہاءالدین، گلگت اور میرپور کو 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر بہترین شہر قرار دیا گیا ۔ اعلامیہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ویکسی نیشن میں کارکردگی دکھانے والے شہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت 60 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا اور شہروں میں ویکسی نیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
این سی او سی نے اس ضمن میں اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ویکسی نیشن میں کارکردگی دکھانے والے شہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد، منڈی بہاءالدین، گلگت اور میرپور کو 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر بہترین شہر قرار دیا گیا ہے جب کہ 40 سے 60 فیصد آبادی کوویکسین لگانے پر راولپنڈی، اسکردو، ہنزہ، باغ، بھمبر، جہلم، پشاور، غذر اور کھرمنگ کو بھی ویکسین شدہ شہر قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں دیگر شہروں میں 40 فیصد آبادی کی کم ویکسی نیشن کے باعث ویکسین کی شرح کم قرار دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات اور شادی بیاہ میں نافذ پابندیاں ہٹادی گئی ہیں جب کہ ان شہروں میں اسپورٹس گراؤنڈز، تجارت، ان ڈور ڈائننگ اور کاروبار سے بھی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہدف ہےاس سال کے آخر تک 7 کروڑافراد کی ویکسین مکمل کریں ، انشااللہ دو ماہ میں ہم اپنا ہدف پوراکرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین لگانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 7کروڑ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک اور ملک بھر میں 4 کروڑافراد کو مکمل ویکسین کی خوراکیں لگ چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں