کالعدم جماعت کا احتجاج،وزیراعظم نے علمائے کرام کا اجلاس بلا لیا

وزیراعظم عمران خان علمائے کرام کو حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے،معاملے کے حل کے لیے علمائے کرام سے تجاویز بھی لیں گے،معاملہ حل کرنے کی درخواست کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کالعدم جماعت کے احتجاج کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں لینے کے ساتھ علماء سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔اے آر وائے نیوز کے مطابق کالعدم جماعت کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم نے قوم کو اعتماد میں لینے کے ساتھ علما سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔
وزیراعظم نے آج دوپہر علماء کرام کا اہم اجلاس بلا لیا ہے جس میں وہ کالعدم جماعت کے مظاہرے اور مطالبات پر بات کریں گے اور مختلف مکتبہ فکر کے علما کا نقطہ نظر معلوم کریں گے۔وزیراعظم عمران خان علماء کو اہم امور پر اعتماد میں لینے کے ساتھ علماء کو رحمت العالمین اتھارٹی سے متعلق بھی آگاہ کریں گے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے آج 25 علماء کو بلایا ہے۔

وزیراعظم عمران خان علمائے کرام کو حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔وزیراعظم عمران خان معاملے کے حل کے لیے علمائے کرام سے تجاویز بھی لیں گے۔وزیراعظم علمائے کرام سے معاملے کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا قوم سے اہم خطاب کا امکان ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان جلد قوم سے اہم خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خصوصی خطاب میں ملک کی موجودہ صورتحال پر عوام کو آگاہ کریں گے اور اعتماد میں لیں گے۔اس وقت وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اجلاس جاری ہے۔ ڈی جی آئی بی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،ڈی جی ایم او، وزیر اطلاعات،وزیر دفاع، نیول چیف امجد خان نیازی، ائیر چیف ظاہر احمد بابر ، وزیر داخلہ شیخ رشید اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی شریک ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی میں کالعدم جماعت کے مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں قومی سلامتی کے دیگر امور پر بھی حکمت عملی بنانے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملکی داخلی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کو یرغمال نہیں بنے دے گا۔کالعدم جماعت سے جو معاہدہ کیا اس پر وزیئراعظم کی منظوری سے دستخط کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں