پنڈورا لیکس، ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ متحرک ہو گیا

وزیراعظم عمران خان نے بھی پنڈورا لیکس سے متعلق آج اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) : پانامہ پیپرز کے بعد نئے مالیاتی سکینڈل ‘پنڈورا پیپرز’ کی ہوشربا تفصیلات جاری کردی گئی ہیں جس میں 700 سے زائد پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنڈورا لیکس کے حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے نے سائبر کرائم ونگ کو متحرک کر دیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ تمام تحقیقاتی ادارے بالخصوص آئی بی اور ایف آئی اے چوکس ہیں۔
جبکہ دوسری جانب پنڈورا پیپرز کا پنڈورا باکس کھلنے پر وزیراعظم عمران خان نے آج اہم اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے قبل وزراء کو رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔ پنڈورا پیپرز سے متعلق رپورٹ مرتب کرنے کے لیے اہم اجلاس وزارت قانون و انصاف میں ہوگا۔

وفاقی وزراء فواد چودھری، فروغ نسیم اور شہزاد اکبر مشاورت کریں گے۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید بھی پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کیخلاف تحقیقات کے لئے قانونی رائے دیں گے۔ وزراء رپورٹ مرتب کر کے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز عالمی دنیا میں ہلچل مچانے والے پانامہ پیپرز کی طرز پر ایک اور عالمی سکینڈل پنڈورا پیپرز کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں،ان تفصیلات کےمطابق 700سے زائد پاکستانی بے نقاب ہوگئے ہیں جن میں وزیر خزانہ شوکت ترین ،مونس الہیٰ ،علیم خان اور فیصل واوڈا قابل ذکر ہیں جبکہ دیگر میں خسرو بختیارکے بھائی عمر بختیارعارف نقوی،راجہ نادر پرویز،محمد علی ٹبہ،میر خالد آدم، کچھ کاروباری اور بینکاری شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کےسابق سربراہ عباس خٹک کے2 بیٹوں کےنام آف شور کمپنیاں نکل آئیں جبکہ جنرل(ر)خالد مقبول کے داماداحسن لطیف،کاروباری شخصیت طارق سعیدسہگل،جنرل (ر)شفاعت اللہ کی اہلیہ کے نام شامل ہیں۔ عمر بختیار نے آف شور کمپنی کے ذریعہ ایک ملین ڈالر کا اپارٹمنٹ اپنی والدہ کے نام پر منتقل کیا،عمر بختیار نے 2018 میں لندن کے علاقے چیلسی میں اپارٹمنٹ والدہ کے نام پر منتقل کیا۔
پاکستانی شخصیات میں شوکت ترین اور ان کے خاندان کے نام 4آف شور کمپنیاں نکلی ہیں ۔ علیم خان کی 1،شرجیل میمن کی 3،علی ڈار کی 2،مونس الٰہی کی2،فیصل واوڈا کی ایک آف شور کمپنی نکلی ہے۔ اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میری حکومت پنڈورا پیپرز میں مذکور ہمارے تمام شہریوں کی تحقیقات کرے گی اور جس کسی کی غلطی ثابت ہوئی، اُس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس سنگین ناانصافی کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران کی طرح سمجھیں۔واضح رہے کہ ’پنڈورا پیپرز ‘ نے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے ۔700 سے زائد پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں ہیں۔اِن پاکستانیوں میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے کی آف شور کمپنی بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں