چیئر مین نیب کی تقرری ،وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی نیم رضامندی ظاہر کردی

نئے چیئرمین نیب کی تقرری تک جسٹس (ر) جاوید اقبال اپنا کام معمول کے مطابق جاری رکھیں گے ،اجلاس میں فیصلہ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے لیے ہونے والی ملاقات میں موجودہ چیئرمین نیب کا نام بھی نئی تعیناتی کے لیے زیرغورآئیگا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کی تجاویز کے بعد چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی نیم رضامندی ظاہر کردی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی وزرا، معاونین اور مشیران کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف ملکی امور اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک وفاقی وزرا فواد چوہدری ،اسد عمر، شاہ محمود قریشی، بیرسٹر فروغ نسیم کی تجاویز پر وزیراعظم نے نیب چیئرمین کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت پر نیم رضامندی ظاہر کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اجلاس میں شریک اکثریتی اراکین نے چیئرمین نیب اور نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق اپوزیشن سے مشاورت کا مشورہ دیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ نئے چیئرمین نیب کی تقرری تک جسٹس (ر) جاوید اقبال اپنا کام معمول کے مطابق جاری رکھیں گے جبکہ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے لیے ہونے والی ملاقات میں موجودہ چیئرمین نیب کا نام بھی نئی تعیناتی کے لیے زیرغورآئیگا۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ نیب قانون میں ایسی ترامیم کی جائے جو متنازع نہ بنیں اور احتساب کی ساکھ بہتر ہو سکے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق اجلاس آئندہ منگل کو ہوگا، جس میں وزیرقانون اور اٹارنی جنرل کی جانب سے نیب قوانین میں ترمیم کی حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں