گھر سے کام کرنے والوں کے بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکس لگانے کا اعلان

گھر سے کاروبار کرنے والے غیررجسٹرڈ افراد پر بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کا اطلاق ہوگا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو

لاہور (حالات بیورو رپورٹ) مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے ایک اور تحفہ، حکومت نے گھر سے کام کرنے والوں کے بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے رکن انٹرنل ریونیو آپریشنز قیصر اقبال نے کہا ہے کہ گھر سے کاروبار کرنے والے غیررجسٹرڈ افراد پر بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔
قیصر اقبال نے انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قیصر اقبال کا کہنا تھاکہ چھوٹے تاجروں کے ایف بی آر سے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں، سوشل میڈیا کے دور میں صدارتی آرڈیننس کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جارہی تھی۔تاجر رہنما کاشف چوہدری نے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز کا اطلاق چھوٹے تاجروں پر نہیں ہوگا، یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ چھوٹے تاجر کا سیلز ٹیکس بجلی بل میں کٹ جاتا ہے، ٹیکس ترمیمی آرڈیننس اور بجلی بلوں پر اضافی ٹیکس کا معاملہ ختم ہو گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایسے افراد جو گھر سے کاروبارکررہے ہیں لیکن رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان پروفیشنلز کے بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ قیصر اقبال کا کہنا تھاکہ چھوٹے تاجروں کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں اور کمشنرز کو کہا جارہا ہے کہ وہ تاجروں کے تحفظات سن کر ان کو مقامی سطح پر حل کریں۔انہوں نے 27 ستمبر کا احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
واضح آج سے چند روز قبل غیر رجسٹرڈ صنعتی اور کمرشل بجی و گیس صارفین پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز صنعتی و کمرشل گیس و بجلی صارفین پر 17 فیصد تک اضافی ٹیکس عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔نوٹی فکیشن کے مطابق نان فائلر کمرشل صارفین کے بلوں پر 5 سے17فیصداضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا جبکہ ماہانہ 10ہزار روپے تک کے کمرشل صارفین کے بل پر 5 فیصد، ماہانہ 10 سے 20 ہزار روپے کے بل پر7 فیصداضافی ٹیکس اور بیس سے 30 ہزار روپے کے بل پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائ ےگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 30 سے 40 ہزار روپے کے بل پر 12 فیصد اضافی ٹیکس جبکہ ماہانہ 40 سے 50 ہزار روپے بل پر 15 فیصد اور ماہانہ 50 ہزار روپے سے زیادہ کے بل پر17فیصد اضافی ٹیکس عائد ہوگا۔اپوزیشن جماعتوں نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے صارفین پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے اقدام کو ظلم قرار دیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کاہ کہ ’اب پانی سر سے اونچا ہوچکا، مہنگائی سے نجات چاہیے تو حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا‘۔شہباز شریف نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں پر پانچ سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کے نفاذ کو عوام کے خلاف حکومتی معاشی دہشت گردی قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں