صدر سرحد چیمبر کا صوبہ میں انڈسٹریز اور سی این جی سیکٹر کو آئندہ ہفتہ سے گیس سپلائی کی معطلی کے فیصلہ پر شدید تحفظات کا اظہار،مسترد کردیا گیا

پشاور(حالات نیوز ڈیسک) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے صوبہ بھر میں انڈسٹریز اور سی این جی سیکٹر کو آئندہ ہفتہ سے گیس کی سپلائی کے معطل کرنے کے فیصلہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا جہاں پر قدرتی گیس وافر اور سرپلس مقدار میں پیدا ہوتی ہے اور یہاں پر گیس سپلائی کی بندش کو آئین کے متعلقہ آرٹیکل کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
یہ بات انہوں نے گذشتہ روز صنعتکاروں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایم) کے ایک اعلامیہ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں جنرل انڈسٹریز اور سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی 13ستمبر 2021ء بروز پیر سے معطل کی جا رہی ہے جو کہ صورتحال بہتر ہونے تک جاری رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ گیس کی بندش کا فیصلہ بزنس کمیونٹی کو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے لہٰذا اس فیصلے کوفوری طور پر واپس لیا جائے بصورت دیگر کاروباری حضرات بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ گیس اوربجلی صنعتوں کے لئے بنیادی ضرورت ہے اگر اس کی سپلائی روک دی گئی تو صنعتی ترقی کا عمل شدید متاثر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر صنعتیں اور سی این جی سیکٹر پہلے ہی شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہے جبکہ گیس کی بندش سے صنعتی ترقی اور سی این جی کاروبار پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے بالخصوص برآمدات کے حوالے سے آرڈرز اورمینوفیکچرنگ مصنوعات کی مقامی سطح پرسپلائی تاخیر سے صنعتوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا ۔
سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی گیس سرپلس میں پیدا کرنیوالا صوبہ ہے اس کے باوجود یہاں کی صنعتوں اور کاروباری طبقہ کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر نہیں کی جا رہی ہے جو کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 158-A کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے مذکور ہ آرٹیکل کے تحت صوبہ کو اپنی قدرتی گیس سے بھرپور انداز میں استفادہ کرنے کا مکمل حق دیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کا 200 ایم ایم سی ایف ڈی (MMCFD)گیس کا استعمال ہے جبکہ اس کے برعکس صوبہ 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کر رہا ہے اور اس کے علاوہ 830 ٹن ایل پی جی گیس کی پیداوار خیبر پختونخوا میں ہو رہی ہے ۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے صنعتوں اور کمرشل صارفین کو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور متعلقہ ادارے سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔
اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے وفاقی وزیربرائے بجلی و پانی حماد اظہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم تابش گوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی کی بندش کا نوٹس لینے اور گیس اور بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے فوری احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں