کوئٹہ ؛ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ، 3 اہلکار شہید ‘ 20 زخمی

کوئٹہ ( حالات نیوز ڈسک ) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے میں 3 اہلکار شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سونا خان میں مستونگ روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی گشت پر تھی کہ اس دوران اس کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 20 زخمی ہوگئے ، شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ اور ایف سی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا ، خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور تفتیش کا عمل شروع کردیا جب کہ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر مزید نفری طلب کرلی۔چند روز قبل صوبہ بلوچستان کے ہی علاقہ زیارت میں دھماکے کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار شہید ہو ئے تھے ، زیارت کے نواحی علاقے کچھ میں گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ، دھماکے کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار جاں بحق ہو گئے، کچھ میں گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی طبی امداد کی گئی جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ادھر جنوبی وزیرستان میں ایک دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان سے ایک افسوسناک خبر موصول ہوئی ، جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی واجد اللہ جام شہادت نوش کر گیا، دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا جب کہ دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا ، پاک فوج کے محاصرے کے دوران دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی گئی، اسی دوران ایک فرار ہوتا ہوا دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں