متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے سیاحتی ویزے کھول دئیے

ابوظہبی(حالات نیوز ڈسک) متحدہ عرب امارات نے پیر سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے سیاحتی ویزا کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس اقدام کا اطلاق پاکستان اور بھارت سمیت ان تمام ممالک کے شہریوں پر ہوتا ہے جن پر کرونا وبا کے تناظر میں سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں.تاہم سیاحتی ویزے ان افراد کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی منظور شدہ کسی بھی کووڈ 19 ویکسین کی مکمل خوراکیں لی ہوں گی۔عالمی ادارہ صحت نے فائزر، ایسٹرا زینیکا، جانسن اینڈ جانسن ماڈرنا، سائنو فارم اور سائنو ویک کی ویکسین کی منظوری دے رکھی ہے۔متحدہ عرب امارات کا دنیا بھر سے ویکسینیٹڈ افراد کو سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ صحت عامہ اور اہم شعبوں کی سرگرمیوں کے درمیان توازن پیدا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور معاشی نمو اور اس کی پائیدار بحالی کے حصول کے لیے ملکی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں