وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اور نذیر چوہان کی صلح ہوگئی

لاہور (حالات میڈیا ڈسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی صلح ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماو¿ں کے درمیان ہوئی صلح کا خط وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا ، جس میں ایم پی اے نذیر چوہان کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نے خط میں لکھا کہ میرے اور شہزاد اکبر کے درمیان صلح ہوگئی ہے ، اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سے ٹیلی فون پر بات بھی ہوگئی ہے ، صلح میں اہم کردار ادا کرنے پر فیاض الحسن چوہان کا شکر گزار ہوں ، اس وقت پنجاب اسنٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی میں زیر علاج ہوں اور جلد صحت یاب ہوکر اسمبلی میں اپنا کردار ادا کروں گا۔
بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پروزی الٰہی نے نذیر چوہان اور شہزاد اکبر میں صلح کا خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ اچھی بات ہے دونوں کی صلح ہوگئی تاہم نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر کی توہین کی گئی جس پر ایکشن ہوگا ، کیوں کہ استحقاق کے بل پر بیوروکریسی نے اپنا کام دکھایا ہے ، اس لیے کل استحقاق بل کو دوبارہ منظور کیا جائے گا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ںذیر چوہان نے دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل ہونے کے بعد اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ، اس پیغام میں انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہزاد اکبر پر لگائے گئے الزامات پر معافی مانگ لی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہزاد اکبر صاحب نے کہا ہے کہ میں ختم نبوت پر یقین رکھتا ہوں، انہوں نے اپنا عقیدہ کلیئر کر دیا ، میں کسی شخص کو کافر کہتا ہوں ، نہ مجھے اس کا حق ہے ، اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں-

اپنا تبصرہ بھیجیں