ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،گھریلو صارفین کیلئے ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے ایل پی جی قیمتوں میں 3روپے 20 پیسے کمی کا اعلان کر دیا،ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا،اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی فی کلو 3 روپے 20 پیسے سستی کی گئی ہے جس کے بعد اب نئی فی کلو قیمت 245 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے۔
اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں 37 روپے 80 پیسے کی کمی کر دی ہے۔ اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2892 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی ہے۔اوگرام حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی اور عوامی ریلیف پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ مارکیٹ میں استحکام بھی آئے گا۔
گھریلو سطح پر ایل پی جی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے یہ اقدام نہایت خوش آئند ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزحکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاتھا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کیا گیا تھا۔
پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 256 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 2 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا تھا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 256 روپے 64پیسے مقرر کردی گئی تھی۔ قبل ازیں بھی گزشتہ ماہ بھی پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 258روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئیں تھیں۔
وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روزکیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم ڈویڑن کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات (پیٹرولیم لیوی) آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی تھی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے، اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان پرلگائیں گے۔