چکن کی قیمت پر قابو پانے اور سرکاری قیمت کا نفاذ یقینی بنانے میں میں ناکام رہنے والی پنجاب حکومت نے چکن کی قیمت سرکاری ریٹ لسٹ سے ہی غائب کر دی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت کا مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت مقرر نہ کرنے کا فیصلہ، چکن کی قیمت پر قابو پانے اور سرکاری قیمت کا نفاذ یقینی بنانے میں میں ناکام رہنے والی پنجاب حکومت نے چکن کی قیمت سرکاری ریٹ لسٹ سے ہی غائب کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبے میں چکن کی قیمت کو بے قابو ہونے سے روکنے میں ناکام رہنے کے بعد پنجاب حکومت کا انوکھا اقدام سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اب صرف زندہ مرغی کی قیمت مقرر کی جائے گی۔ مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت مقرر نہ کرنے کا فیصلہ پرائس کنٹرول کونسل میں کیا گیا،مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت مقرر نہ کرنے کے فیصلے کا تحریر ی حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔
برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوید اکرم نے پرائس کنٹرول کونسل کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارمرز کے مسائل فوری حل نہ ہوئے تو زندہ مرغی کی قلت کا بھی خدشہ ہے،زندہ مرغی کی قیمت کم کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں،پولٹری فارمرز کے مسائل حل نہ ہوئے تو زندہ مرغی بھی دستیاب نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں گوشت اور خاص طور پر مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جہاں چکن کی قیمت 1200 روپے کلو تک پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرغی کا گوشت 900 روپے سے 1200روپے فی کلو گرام میں فروخت ہونے لگا، شہر میں زندہ مرغی 540 سے 650 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، راولپنڈی میں برائلر گوشت 900 روپے فی کلو میں مل رہا ہے، راولپنڈی میں برائلر زندہ چکن کا سرکاری نرخ 412 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ زندہ مرغی 540 سے 580 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جب کہ پنجاب حکومت نے برائلر مرغی کے گوشت کی بجائے صرف زندہ چکن کے نرخ مقرر کردیئے۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بھی عید گزرنے کے باوجود مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی اور مختلف علاقوں میں فی کلو 750روپے کلو اور صافی گوشت 880 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، متعدد دکانوں پر سے مرغی کے گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ ہی غائب ہے، ملتان میں 412 روپے فی کلو والا مرغی کا گوشت اب 700 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا، اسی طرح کراچی میں چکن 850 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے جہاں سرکاری نرخ 650 روپے فی کلو ہے۔