خام تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے بعد کیا پاکستان میں بھِی پٹرولیم مصنوعات سستی ہوں گی؟
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں، خام تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے بعد کیا پاکستان میں بھِی پٹرولیم مصنوعات سستی ہوں گی؟۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 2021 کے بعد پہلی مرتبہ خام تیل کی قیمت 60 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ جانے کے بعد سوال کیا جا رہا ہے کہ آیا پاکستان میں بھی عوام کو اس باعث ریلیف مل پائے گا یا نہیں؟۔
بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ ماہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، عید کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کیے جانے کی گنجائش موجود تھی، تاہم حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں صرف 1 روپے کمی کا اعلان کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں امریکی خام تیل 60 ڈالر فی بیرل سے نیچے گر کر 2021 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، پیر کو بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ برطانوی خام تیل کی قیمت 3 اعشاریہ 5 فیصد فی بیرل کمی کے بعد 63 اعشاریہ 30 ڈالر ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 3 اعشاریہ 6 فیصد کم ہوگئی۔ 2021 کےبعد پہلی بار امریکی خام تیل فی بیرل 56 اعشاریہ 7 ڈالر پر آگیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں فی بیرل 12 ڈالر کی کمی ہوچکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں بھی اضافے کیا جا رہا ہے، اس باعث بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔