بجلی کی قیمت میں یہ کمی ملک کی معاشی صورتحال سے مشروط ہوگی، معاشی صورتحال کے بہتر رہنے کی صورت میں صارفین کو ریلیف ملنے کا سلسلہ برقرار رہے گا؛ پاور ڈویژن حکام
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق حقیقیت سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کوئی کمی نہیں کی گئی، نان پیک آورز اور پیک آورز کا بنیادی ٹیرف اب بھی وہی رہے گا جو نان پیک آور 41 روپے 48 پیسے اور پیک آور 48 روپے فی یونٹ ہے، بجلی کی قیمت میں ماہانہ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں 6 روپے کمی کی گئی، 1 روپے 41 پیسے کی کمی مجموعی رقم پر ٹیکس کی کمی کی وجہ سے ہوگی یوں ان کو ملا کر وزیراعظم نے فی یونٹ 7 روپے 41 پیسے کمی کا اعلان کیا۔
نیپرا حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج ماہانہ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی کی وصولی پر مشتمل ہوگا، اس پیکیج میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے شامل ہیں، جس کا نیپرا پہلے ہی نوٹی فکیشن جاری کرچکا ہے، یہ کمی اپریل سے جون 2025ء یعنی 3 ماہ کیلئے ہوگی، وزیراعظم کے اس اعلان میں 1 روپے 36 پیسے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے شامل ہوں گے، اس ضمن میں بھی نیپرا نے پہلے ہی فیصلہ جاری کردیا تھا، اس کے علاوہ 1روپے فی یونٹ سے زائد کی کمی کا تخمینہ تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے لگایا گیا ہے، جس پر نیپرا کی سماعت اور فیصلہ تاحال نہیں آیا جب کہ اس ریلیف پیکیج میں 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی پیٹرولیم لیوی کی مد میں شامل ہے۔
اس ضمن میں پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں یہ کمی ملک کی معاشی صورتحال سے مشروط ہوگی، معاشی صورتحال کے بہتر رہنے کی صورت میں صارفین کو ریلیف ملنے کا سلسلہ برقرار رہے گا۔