عید کے بعد چکن، سبزیاں، بیف، مٹن سمیت 15 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

رواں ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.20 فیصد اضافہ ہو گیا

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) عید کے بعد چکن، سبزیاں، بیف، مٹن سمیت 15 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، رواں ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.20 فیصد اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے عید کے بعد پہلے ہفتے کے دوران مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار 0.20 فی صد رہی، حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 26 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں، حالیہ ہفتے کے دوران چکن کی قیمت میں 85 روپے 81 پیسے فی کلو، آلو کی قیمت 2 روپے فی کلو، پیاز 3 روپے 18 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
ایک ہفتے کے دوران گڑ کی قیمت 2 روپے فی کلو، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی کلو، بیف کی قیمت میں 5 روپے 56 پیسے فی کلو اور مٹن کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریارت کے مطابق ٹماٹر، سیگریٹ، چینی، جلانے کی لکڑی، کپڑا بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ ایک ہفتے کے دوران لہسن کی قیمت میں 35 روپے 99 پیسے فی کلو ، کیلا 11 روپے 08 روپے فی درجن سستا ہوا، انڈے کی قیمت 12 روپے 68 پیسے فی درجن کم ہو گئی۔
یہاں واضح رہے کہ جہاں عید الفطر کے بعد ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ ہوا، وہیں دوسری جانب حکومت کی جانب سے مارچ میں مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کا دعوٰی کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ مارچ کے ماہ میں مہنگائی کی شرح 1 فیصد سے بھی کم رہی۔