ٹرمپ کے ٹیرف کے باعث امریکی سٹاک مارکیٹوں میں شدیدمندی

2 روز میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالر سے زیادہ ڈوب گئے، ڈاو جونز میں 5 فیصد، ایس اینڈ پی 500 میں 4.6 فیصد اور نیسڈک میں 4.7 فیصد گراوٹ دیکھنے میں آئی،امریکی ٹیرف کے بعد چینی مصنوعات کے یورپی منڈیوں کارخ کرنے کابھی امکان ہے،امریکی میڈیا

واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف نے امریکی سٹاک مارکیٹوںمیں شدیدمندی ، 2 روز میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالر سے زیادہ ڈوب گئے،ٹرمپ ٹیرف کے اعلان کے بعد امریکی سٹاکس میں5 سال کی بدترین مندی دیکھنے میں آئی، ڈاو جونز میں 5 فیصد، ایس اینڈ پی 500 میں 4.6 فیصد اور نیسڈک میں 4.7 فیصد گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیرف کے بعد چینی مصنوعات کے یورپی منڈیوں کارخ کرنے کابھی امکان ہے۔اسی طرح لندن سٹاک ایکسچینج میں فٹسی ہنڈریڈ انڈیکس میں کووڈ وبا کے بعد سے ریکارڈ 5 فیصد،جرمنی کی اسٹاک مارکیٹ میں 4 فیصد اور جاپان میں 2 اعشاریہ 8 فیصد مندی رہی جبکہ تجارتی جنگ کے خدشات بڑھنے سے تیل کی قیمتیں 8 فیصد گر کر 4 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
امریکی سینٹرل بینک کے سربراہ جیروم پاویل نے قیمتوں میں اضافے اور معاشی ترقی کی رفتار میں کمی سے خبردار کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے اصرار کے باوجود جیروم پاویل نے شرحِ سود میں فی الحال کمی سے انکار کر دیا ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکی صدر نے وائٹ ہاو¿س میںمنعقدہ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر یورپی یونین اور 46 ممالک پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔
امریکی صدر نے پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا ان کاکہنا تھا کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا ہے۔ امریکہ بھارت پر 26، چین پر 34، یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر دس، دس فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بنگلا دیش پر37، جاپان پر 24، اسرائیل پر 17 اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔
گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کریں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے اور خطاب میں کہا تھاکہ جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہوگا۔ آج کا دن امریکی تاریخ کے اہم دنوں میں سے ایک تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ ان اقدامات کے ذریعے امریکہ ایک نئے سنہری دور کا آغاز کرے گا اور اب وقت آگیا تھا کہ امریکہ کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جائے۔ڈونلڈٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا کہنا تھاکہ آج ہماری اقتصادی آزادی کا دن ہے۔ ٹیرف سے حاصل رقم اپنے قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کریں گے۔