صرف ایک ہی دن میں تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی
نیویارک ( نیوز ڈیسک ) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں، صرف ایک ہی دن میں تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ممالک پر عائد کیے جانے والے ہوشربا ٹیرف کو عالمی تجارت پر ایٹمی حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کے باعث تیل کی عالمی مارکیٹ میں بھی ہلچل دیکھی جا رہی ہے۔
صرف ایک ہی دن میں تیل کی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ برطانوی خام تیل سستا ہو کر 70 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔ جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت 66 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود آ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے برعکس گیس کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔
گیس کی قیمت 2 فیصد اضافے سے 4 ڈالر 14 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کے باعث بھی تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس گروپ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مئی سے یومیہ 4 لاکھ 11 ہزار بیرل تیل کی پیداوار کی جائے گی۔ اس سے قبل گروپ نے 1لاکھ 35 ہزار بیرل یومیہ تیل مارکیٹ میں لانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق تیل کی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے طے پانے والے معاملات کے باعث 3 ماہ تک تیل کی قیمتیں کم نہ کیے جانے کا امکان ہے۔