ملک کے ڈالرز ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہو گئی

بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے باعث ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر سوا 11 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے

اسلام آباد (حالات نیوزڈیسک ) ملک کے ڈالرز ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہو گئی، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے باعث ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر سوا 11 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر میں مزید کمی ہوئی ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث اسٹیٹ بینک کے ذخائر11 ارب 24 کروڑ95 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر11ارب 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہوگئے۔ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 62 کروڑ 43 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 83 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کا حجم 15 ارب 87 کروڑ 38 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 15ارب 92 کروڑ 89 لاکھ ڈالرز ہو گیا-