کراچی کیلئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ جبکہ باقی ملک کیلئے بجلی 2 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے، نیپرا کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نیپرا نے ملک بھر کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق کراچی کے سوا باقی ملک کیلئے بجلی 2 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے،کراچی کیلئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔ کے الیکٹرک کیلئے بجلی دسمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی۔
ملک کیلئے دیگر علاقوں کیلئے جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کی۔ نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے لیکن گزشتہ دو روز سے سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔ گزشتہ تین روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ملک میں آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 4 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 571 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار 630 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 28 ڈالر کمی ہونے کے باعث فی اونس سونا 2893 ڈالر کا ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 27 ملین ڈالر اضافے کے بعد 15.87ارب ڈالر ہوگئے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق 28 فروری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 11.24ارب ڈالرجبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4.62 ارب ڈالر ہوگئے۔
گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 27 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ۔
اسی طرح سٹیٹ بینک نے ٹریژری بلز کی نیلامی سے 569 ارب روپے حاصل کرلئے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹریژری بلز کی نیلامی سے سٹیٹ بینک نے 569 ارب روپے حاصل کئے، سٹیٹ بینک نے نیلامی سے 700 ارب روپے کا ہدف مقررکیا تھا۔ تین ماہ کے ٹریژری بلز پرمنافع کی شرح 11.82فیصد، چھ ماہ مدت کے بلز پرمنافع کی شرح 11.66فیصد اورایک سال کی مدت کے ٹریژری بلز پرمنافع کی شرح 11.64فیصد مقررکی گئی ہے۔