رمضان میں مہنگائی کے بے قابو ہوتے طوفان نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی

چکن کی قیمت 700 روپے، سبزیوں کی قیمتیں 700 روپے اور پھلوں کی قیمتیں 400 روپے سے بھی اوپر چلی گئیں

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) رمضان میں مہنگائی کے بے قابو ہوتے طوفان نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی، چکن کی قیمت 700 روپے، سبزیوں کی قیمتیں 700 روپے اور پھلوں کی قیمتیں 400 روپے سے بھی اوپر چلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک جانب حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، تو دوسری جانب رمضان المبارک شروع ہوتے سبزیوں، پھلوں، چکن، چینی اور دیگر اشیاء کی بے قابو ہوتی قیمتوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں۔
مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کے برعکس مارکیٹوں میں سبزیاں اور پھل من چاہے نرخوں پر فروخت کیے جارہے ہیں۔ سبزیوں میں لہسن کی قیمت سب سے زیادہ ہے جو 750 روپے تک کی قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
جبکہ مارکیٹ میں پیاز 100 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، ٹماٹر 50 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 70 روپے، آلو 55 روپے کے برعکس 70 سے 80 روپے ، لہسن 620 روپے کے بجائے 750 ، ادرک 370 روپے کے بجائے 450 روپے کلو تک کی قیمت میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

سبزیوں کی طرح پھلوں کی قیمتیں بھی بے قابو نظر آتی ہیں۔ مارکیٹ میں سیب 300 سے 400 روپے فی کلو، کیلا 350 روپے سے 400 روپے فی درجن، امرود 250 روپے کلو، کنو اور مالٹا 400 روپے درجن اور خربوزہ 250 روپے سے 300 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ مارکیٹ میں چکن کی قیمت بھی بے قابو ہو گئی۔ مارکیٹوں میں چکن 700 روپے تک کی قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
جبکہ انڈوں کی قیمت بھی 300 روپے ہو گئی ہے۔ مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کلد ہی چینی کی قیمت کی ڈبل سینچری ہو جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کا دعوٰی کیا جا رہا ہے۔