فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا اتھارٹی درخواست پر کل سماعت کرے گی، منظوری کے بعد صارفین کو 4 ارب 94 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) نیپرا کی جانب سے کےالیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا کے مطابق نیپرا اتھارٹی کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ نیپرا اتھارٹی بجلی کی قیمت میں کمی کیلئے درخواست پر کل سماعت کرے گی۔
درخواست کی منظوری کے بعد کے الیکٹرک صارفین کو 4 ارب 94 کروڑ روپے کا ریلیف ملےگا۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی دسمبر 2024 کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں متوقع ہے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئندہ دو ماہ میں فی یونٹ بجلی 6 سے 8 روپے سستی کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق حکام پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بینکوں سے 1300 ارب روپے کے قرض حصول کیلئے بات چیت جاری ہے، بینکوں سے یہ قرض فکس ریٹ اور ٹائم کیلئے لیا جائے گا۔
قرض سے گردشی قرض کا خاتمہ کیا جائے گا۔ حکومت کو 700 ارب روپے کی آئی پی پیز سے بات چیت میں بچت ہوئی ۔ آئی پی پیز سے 300ارب روپے کا سود ختم کرایا ہے، اب تک 6 آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرچکے ہیں، 25 آئی پی پیز کے ساتھ ٹیک اینڈ پے پر بات ہوچکی ہے۔سرکاری پاور پلانٹس کے ساتھ ٹاسک فورس کی بات چیت جاری ہے۔ اس کاوش سے دو ماہ تک فی یونٹ بجلی 6 سے 8 روپے تک سستی کرنا چاہتے ہیں۔
پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2300 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔ گردشی قرض کو جلد سے جلد صفر کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق یادرہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے فی یونٹ کمی کے لیے نیپرا نے سفارشات پر مبنی دستاویز جنوری کے آغازمیں حکومت کے حوالے کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بیلنس آف ٹیرف سے قیمتوں کو کم کیا جاسکتا ہے جس سے فی یونٹ کپیسٹی ادائیگی، سرچارجز پر نظر ثانی سے نرخ کم ہو سکتے ہیں۔
نیپراکی دستاویز کے مطابق آپریشنل خامیوں کو بہتر کر کے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکتی ہے بجلی کی قیمت 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ ہے، 45 روپے 6 پیسے میں سے 17 روپے 1 پیسے فی یونٹ کپیسٹی چارجز ہیں دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں 15 روپے 28 پیسے فی یونٹ ٹیکس اور سرچارج عائد ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیاں صارفین سے 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن لیتی ہیں۔