واشنگٹن میں مسافر طیارہ اور ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرانے کے بعد دریا میں گر کر تباہ، 18 افراد ہلاک

طیارے میں 60 مسافراور 4 عملے کے ارکان سفر کر رہے تھے جب کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں 3 امریکی فوجی سوار تھے

واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مسافر طیارہ اور ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرانے کے بعد دریا میں گر کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ کے دارالحکو مت واشنگٹن کے ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد دریا میں گرگیا، یہ حادثہ وائٹ ہاؤس سے 5 کلو میٹر دور ریگن ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا جہاں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 60 مسافراور 4 عملے کے ارکان سفر کر رہے تھے جب کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں 3 امریکی فوجی سوار تھے۔
مقامی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکن ایئر لائنز کی پرواز یو ایل 5432 کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی، حادثے کے نتیجے میں طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے، حادثے کے بعد ریگن ایئرپورٹ بند کر دیا گیا اور تمام پروازیں معطل کر دی گئیں اور جس کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں جہاں پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے دریائے پوٹومک میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران 18 لاشیں نکال لی ہیں، حادثے میں 4 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے اس حادثے کے بارے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کردیا گیا اور اس کے ساتھ ہی اس واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں، اس حوالے سے اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی تو وہ عوام کو فراہم کی جائیں گی۔