حکومت کی جانب سے یکم فروری کو آئندہ پندرہ روز کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم فروری سے ملک میں پیٹرولیم مصونات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافہ متوقع ہے، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے اور پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر اضافہ ہوسکتا ہے، اگر اِسی تناسب سے قیمتوں میں اضافہ ہوا تو پیٹرول کی قیمت 256 روپے 13 پیسے سے بڑھ کر 259 روپے 13 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 260 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 95 پیسے ہوجائے گی۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وفاقی حکومت نئے سال کے پہلے ماہ کے دوران دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہے، 16 جنوری کو پیٹرول کی فی لٹر قیمت 3 روپے 47 پیسے اضافے سے 256 روپے 13 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 61 پیسے اضافے سے 260 روپے 95 پیسے مقرر کی گئی تھی، اس سلسلے میں اوگر نے قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی، جس کا اطلاق وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد 16 سے 31 جنوری تک ہوا تھا۔
جب کہ اس سے قبل بھی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا پاکستان پر منفی اثر پڑا اور نئے سال کے آغاز پر وفاقی حکومت کی جانب سے یکم جنوری 2025ء کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 96 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 56 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لٹر کا اضافہ ہوا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اکتوبر 2024ء کے بعد سے تیل کی قیمتیں 80 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے نیچے ٹریڈ کرتی رہیں تاہم دسمبر 2024ء میں اکتوبر کے بعد پہلی مرتبہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 80 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے اوپر گئی اور اس وقت عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت 81.56 ڈالر ہوئی اور امریکی خام تیل کی قیمت 79.65 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آئی تھی۔