صدر ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے دوران امریکہ کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوں گے.رپورٹ
واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو آئندہ ہفتے وائٹ ہاﺅس کے دورے پر مدعو کیا ہے امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس اور وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم آئندہ ہفتے واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کریں گے نیتن یاہو صدر ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے دوران امریکہ کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوں گے.
نیتن یاہو کے دفتر سے جاری وائٹ ہاﺅس کے ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اسرائیل اور اس کے پڑوسیوں کے درمیان قیام امن سمیت دونوں ممالک کے مشترکہ مخالفین کا مقابلہ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان چار فروری کو وائٹ ہاﺅس میں ملاقات متوقع ہے دونوں راہنماﺅں کے درمیان گزشتہ برس بھی ملاقات ہوئی تھی جب نیتن یاہو نے دورہ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ مارا لاگو میں جا کر ان سے ملاقات کی تھی.
وزیر اعظم نیتن یاہو ایسے موقع پر واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کر رہے ہیں جب امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی کے نتیجے میں اسرائیل اور فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے درمیان 15 ماہ کی لڑائی کے بعد رواں ماہ ہی جنگ بندی ہوئی ہے جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس کے پاس موجود یرغمالوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل اپنی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کو آزاد کر رہا ہے صدر ٹرمپ کی 20 جنوری کو حلف برداری سے ایک روز قبل حماس نے اسرائیل سے کیے گئے معاہدے کے تحت تین یرغمال خواتین کو رہا کیا تھا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہائی ملی تھی.
جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے اب تک مجموعی طور پر سات یرغمالی خواتین کو رہا کیا ہے جب کہ اسرائیلی جیلوں سے لگ بھگ 300 قیدی رہا ہو چکے ہیں غزہ جنگ کا آغاز سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد ہوا تھا امریکہ اور بعض یورپی ممالک حماس کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے حملے میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کو یرغمال بنایا گیا تھا جبکہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 47 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں.