ماسکوکی جانب سے بشارالاسد کو بتایا گیا کہ وہ جنگ ہار چکے ہیں، دمشق کی جانب باغیوں کی پیش قدمی پر روس نے بشارالاسد کو شام فوری چھوڑنے کا مشورہ دیا. رپورٹ
تل ابیب ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیلی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ معزول شامی صدر بشار الاسد کی دمشق سے ماسکو ہنگامی روانگی کا اہتمام روس کی انٹیلی جنس نے کیا تھا چند روز قبل شام کے سابق صدر بشار الاسد باغی افواج کی پیش قدمی کے سبب دمشق سے طیارے میں فرار ہو کر روس چلے گئے تھے. اسرائیلی جریدے نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ روس کی جانب سے بشارالاسد کو بتایا گیا کہ وہ جنگ ہار چکے ہیں، دمشق کی جانب باغیوں کی پیش قدمی پر روس نے بشارالاسد کو شام فوری چھوڑنے کا مشورہ دیا.
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے بشار الاسد کو محفوظ طریقے سے ماسکو منتقل کرنے کے آپریشن کی منظوری دی بشار الاسد سے کہا گیا کہ وہ اپنے قریبی رفقا کو اطلاع دیے بغیر ماسکو کے لیے روانہ ہو جائیں، بشار الاسد نے ہنگامی روانگی سے قبل اپنے قریبی رفقا کو اطلاع نہیں دی امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے بشار الاسد کو محفوظ طریقے سے ماسکو منتقل کرنے کے آپریشن کی منظوری دی جس کے بعد روسی انٹیلی جنس نے بشار الاسد کے محفوظ سفر کا اہتمام کیا.
اسرائیلی جریدے کے مطابق بشار الاسد دمشق سے اپنے نجی جیٹ میں شام میں روسی ائیر بیس پہنچے، بشار الاسد کے سفر کے دوران طیارے کا ٹرانسپونڈر بند کر دیا گیا تاکہ طیارے کی لوکیشن اور دیگر معلومات کا پتہ نہ چل سکے رپورٹ کے مطابق بشارالاسد خمیمیم ائیر بیس سے روسی فوجی طیارے میں ماسکو کے لیے روانہ ہوئے، روس کے سفر کے دوران ترک فضائی حدود سے اجتناب کیا گیا.
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے شام پر حملے جاری ہیں جس میں شامی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے عرب نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں فضائی کارروائی تیز کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسٹریٹیجک فوجی اہداف پر480 حملے کیے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے مشرق میں ایک بفر زون میں فوج بھیج دی ہے جس نے 70سے 80 فیصد شام کے اسٹریٹیجک فوجی اثاثوں کو تباہ کردیا ہے.
اسرائیل نے البیضا اور لطاکیہ بندرگاہ پر 15 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جب کہ دارالحکومت دمشق اور دیگر اہم شہروں میں ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات پر بھی حملے کیے رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو غزہ سے شمالی شام تک گریٹر اسرائیل منصوبے پر گامزن ہیں دوسری جانب روس نے اسرائیلی حملوں کو شام اسرائیل امن معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے.