اوگرا 15 دسمبر کو پٹرولیم قیمتوں میں تعین کی سمری وفاقی حکومت کو بھیجے گا
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں امریکی خام تیل اور برطانوی برینٹ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دس روز میں عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 63 سینٹ کا اضافہ ہوا، عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی 68 ڈالر 5 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ کی قیمت میں 73 سینٹ اضافہ ہوا، جس کی 71 اعشاریہ 85 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ جاری ہے، جس کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، قیمتوں میں رد و بدل 15 دسمبر کو کیا جائے گا، اوگرا 15 دسمبر کو پٹرولیم قیمتوں میں تعین کی سمری وفاقی حکومت کو بھیجے گا۔
دوسری طرف ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سالانہ 396ارب روپے کی سمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا ہے، ملک میں سمگلنگ کا مجموعی حجم 750 ارب روپے ہے جس میں سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ ہورہی ہے، دیگر اشیاء میں تمباکو‘ ٹائرز‘ فیبرک‘ وہیکلز‘ چائے‘ آٹو پارٹس‘ بیٹل نٹس اور موبائل فون شامل ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک اجلاس میں ہدایت کی ہے کہ پیٹرول کی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت کاروائی کی جائے، سمگل شدہ ایندھن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے پاکستان کی پٹرولیم کی فروخت نومبر 2024ء میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو ایک اعشاریہ 58 ملین ٹن تک رہی جو گزشتہ سال ایک اعشاریہ 37ملین ٹن تھی، ایک اعشاریہ 58ملین ٹن پٹرولیم کی مالیت تقریباً 500 ارب روپے بنتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے سمگلنگ کےخلاف بڑے کریک ڈاون کی تیاری کرتے ہوئے ملک بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپس کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، پٹرولیم سے متعلق قوانین میں ترامیم کی تجاویز دے دی گئی ہیں۔