ڈونلڈ ٹرمپ کی عدالت میں ”ہیش منی“کیس میں مقدمہ خارج کرنے کی درخواست

صدر بائیڈن کے الفاظ محکمہ انصاف پر تنقید کے مترادف ہیں ‘نومنتخب صدر کے خلاف الزامات اسی محکمے میں لگائے. درخواست میں موقف

واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قانونی ٹیم نے جوبائیڈن کے بیٹے کی سزا معافی کا حوالہ دیتے ہوئے ”ہش منی“ کو چھپانے کے تاریخی مقدمے میں سزا ختم کرنے کی ایک نئی درخواست عدالت میں دائر کردی ہے. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نو منتخب امریکی صدر کی قانونی ٹیم نے صدر جو بائیڈن کے بیٹے کی سزا معافی کا حوالہ دیتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی ہے نو منتخب امریکی صدر کی قانونی ٹیم نے درخواست جج جوآن مرچن کی عدالت میں جمع کرائی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے دور اقتدار کے آخری دنوں میں بیٹے ہنٹر بائیڈن کو ٹیکس چوری اور غیر قانونی طور پر آتشیں اسلحہ رکھنے کے جرم میں سزا میں معافی دینے کا اعلان کیا ہے.

ان کا کہنا تھاکہ کوئی بھی معقول شخص اگر ہنٹر کے مقدمات کے حقائق پر نظر ڈالتا ہے تو وہ اس کے علاوہ کسی اور نتیجے پر نہیں پہنچ سکتا کہ ہنٹر بائیڈن کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ وہ میرا بیٹا ہے، اور یہ انتہائی غلط ہے عدالت میں دائر درخواست کے ابتدائیے میں لکھا گیا کہ جو بائیڈن کے الفاظ ان کے اپنے ہی محکمہ انصاف پر تنقید کے مترادف ہیں یہ وہی محکمہ ہے جس نے سیاسی طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنایا 69 صفحات پر مشتمل اس درخواست میں صدارتی عبوری ایکٹ اور استثنیٰ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے.
علاوہ ازیں درخواست میں فرد جرم کو فوری طور پر مسترد کرنے اور جیوری کے فیصلے کو ختم کرنے کا بھی کہا گیا ہے خیال رہے کہ مئی 2024 میں نیویارک کی ایک عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016 کے انتخابات سے قبل ایک پورن اسٹار کو خاموش کرنے کے لیے دی گئی ادائیگی کو چھپانے کے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا. امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کی بعد 22 نومبر کو ہونے والی سماعت میں جوآن مرچن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف واحد فوجداری مقدمے کی سماعت کی تھی جس میں انہوں نے نو منتخب امریکی صدر کی سزا کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا.
ڈونلڈ ٹرمپ کی دفاعی ٹیم کی جانب سے مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست کے بعد جوآن مرچن کو اب کیس کو مکمل طور پر خارج کرنے یا 20 جنوری سے شروع ہونے والی ان کے صدارت کے خاتمے تک قانونی نتائج کو معطل کرنے کے حوالے سے سوچنا ہوگا واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کے ساتھ تعلق کی بارہا تردید کی ہے.