فرانس پر یورپی یونین کی جانب سے اپنے بھاری قرضوں کو کم کرنے کے لیے دباﺅ ہے سیاسی عدم استحکام سے خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے 6 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے .رپورٹ
پیرس ( انٹرنیشنل ڈیسک ) فرانس میں وزیراعظم مچل برنیئر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گئی ہے جس کے بعد انہیں استعفی دینے پر مجبور ہونا پڑا 1962 کے بعد فرانس میں پہلی بار عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی ہے. بجٹ سے شروع ہونے والے تنازعے کے بعد ملک میں انتہائی دائیں اور انتہائی بائیں بازو کی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں فیصلہ دیا فرانس کی نیشنل اسمبلی میں عدم اعتماد کی قراردار کے حق میں 331 ووٹ آئے جب کہ اسے کامیابی کے لیے 288 ووٹوں کی ضرورت تھی.
فرانس پر یورپی یونین کی جانب سے اپنے بھاری قرضوں کو کم کرنے کے لیے دباﺅ ہے اس سال ملک کا خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے 6 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر فرانس کی حکومت نے سخت اقدامات نہ کیے تو اس کا خسارہ اگلے سال بڑھ کر 7 فیصد تک پہنچ سکتا ہے. سیاسی عدم استحکام کے نتیجے میں فرانس میں شرح سود میں اضافہ ہونے سے معشت پر دباﺅ مزید بڑھ سکتا ہے صدر ایمانوئل میخواں نے کہا ہے کہ وہ سال 2027 تک اپنی مدت پوری کریں گے تاہم انہیں جولائی میں آئین ساز اسمبلی کے انتخابات کے بعد دوسری مرتبہ ایک وزیراعظم کا تقرر کرنے کی ضرورت ہے.