سردیوں کے آغاز پر پاکستان جیسے ممالک کیلئے بری خبر

طلب بڑھنے پر عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا

نیویارک ( کامرس ڈیسک ) سردیوں کے آغاز پر پاکستان جیسے ممالک کیلئے بری خبر، طلب بڑھنے پر عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو بریک لگ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ناصرف خام تیل بلکہ گیس کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔
تیل و گیس کی قیمتوں میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب دنیا بھر میں موسم سرما کا آغاز ہو جانے کے باعث تیل و گیس کی طلب میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خام تیل کی قیمت میں زیادہ اضافے کا رجحان برطانوی خام تیل برینٹ آئل میں دیکھا گیا جس کی قیمت فروخت 73 ڈالر فی بیرل کی سطح سے تجاوز کر گئی۔
جبکہ 69 ڈالر فی بیرل کی سطح پر امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت فروخت کے قریب رہی۔ خام تیل کے علاوہ عالمی سطح پر گیس کی قیمت کو بھی پر لگ گئے جو 4 فی صد اضافے کے ساتھ 2 ڈالر 34 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو میں فروخت ہو رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے بری خبر قرار دیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا پاکستان پر منفی اثر پڑے گا، اس باعث پاکستان میں پھر سے مہنگائی کا گراف اوپر جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نومبر کے اختتام تک کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کی وجہ سے پاکستان میں پٹرول کی قیمت اب بھی 250 روپے کی سطح سے نیچے ہے۔ تاہم عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔