200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے نیا ٹیرف لاگو

رواں ماہ سے بجلی بلوں میں 9 سے 29 روپے فی یونٹ تک نئے ٹیرف کے تحت بل بھیجے جائیں گے، حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف ختم کر دیا گیا

اسلا م آباد ( نیوز ڈیسک ) 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نیا ٹیرف لاگو کر دیا گیا،حکومت نے بجلی بلوں پر عایت ختم کر دی،رواں ماہ سے بجلی بلوں میں9 سے 29 روپے فی یونٹ تک نئے ٹیرف کے تحت بل بھیجے جائیں گے،میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف ختم کر دیا گیا ہے اورغریب عوام پر پھر سے مہنگی بجلی کابوجھ ڈالا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں رواں ماہ سے صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف نہیں ملے گا بلکہ نئے مقررہ مہنگے ٹیرف کے تحت ہی صارفین کو بجلی کے بل بھیجے جائیں گے۔
اکتوبر کے مہینے میں نئے ریٹ کے حساب سے بلنگ کی جائے گی۔پروٹیکٹڈ صارفین کو ایک سے 50 یونٹ تک 9 روپے 93 پیسے،51 سے 100 یونٹ تک 13 روپے 64 پیسے، 101 سے 200 یونٹ تک 29 روپے21 پیسے فی یونٹ چارج ہوگا۔
اِس کے علاوہ بجلی بلوں پر جرمانے کی پالیسی بھی تبدیل کردی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں پر عائد ہونے والے جرمانے کی پالیسی کو تبدیل کردیا گیا۔

مقررہ تاریخ کے 3 دن بعد ادائیگی پر5 فیصد جبکہ زیادہ روز گزرنے پر10 فیصد سر چارج لگایا جائے گا۔ قبل ازیں 10 فیصد ایل پی ایس چارج کیا جاتا تھا۔نیپرا کی جانب سے مقررہ تاریخ کے بعد جمع کروائے جانے والے بجلی کے بلوں پر عائد سرچارجز کو سلیبز میں تبدیل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ غریب طبقے کو ریلیف دینے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کرے ورنہ غریب عوام بجلی کے بلوں کے بوجھ تلے دبتی چلی جائے گی کیونکہ اس وقت پہلے ہی بل کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے خودکشیوں کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جو اِس بات کا ثبوت ہیں کہ بجلی کے بڑھتے بلوں کی ادائیگی غریب طبقے کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔
حکومت آئی پی پیز سے معاہدے ختم کر رہی تو نئے معاہدوں کے ذریعے بجلی کے ریٹ کو کم بھی کیا جائے تاکہ عوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوں اور ایک عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔