اسلام آباد: ( کامرس ڈیسک ) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے جنریشن ٹیرف پر اپنا فیصلہ جاری کردیا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کو 39 روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت دے دی، نیپرا نے کے الیکٹرک کے مختلف پلانٹس کے لیے مختلف پیداواری نرخوں اور مختلف کپیسٹی چارجز اور او اینڈ ایم کا تعین کر دیا۔
تعین کردہ نرخوں میں فیول کاسٹ کمپونینٹ، فکس اینڈ ویری ایبل آپریشن اینڈ مینٹینس کاسٹ، سود کی رقم اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی بھی اجازت دی ہے، کے الیکٹرک کے بن قاسم ون کے لیے بجلی کی پیداواری نرخ 38 روپے 8 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ بن قاسم ٹو کے لیے پیداواری نرخ 36 روپے 76 پیسے فی یونٹ اور بن قاسم تھری کے لیے 24 روپے 36 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک کے باقی تین پاور پلانٹس میں سے دو کو 39 روپے سے زائد کی پیداواری ٹیرف کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ایک پلانٹ کو 38 روپے سے زائد پیداوار ٹیرف دیا گیا۔
کے الیکٹرک کو نیپرا نے ڈیزل سے بھی بجلی بنانے کے اجازت دی اور اگر ڈیزل سے بجلی پیدا ہوتی ہے تو اس کا ٹیرف 48 روپے سے زائد ہوگا تاہم اس صورت میں ایندھن کا یقینی بنانا کے الیکٹرک کے لیے لازم ہوگا۔ یاد رہے کہ کے الیکٹرک وفاقی حکومت سے 11 روپے فی یونٹ تک ایک ہزار میگاواٹ سستی بجلی حاصل کررہی ہے۔