لبنان پراسرائیل حملوں سے 24گھنٹوں کے دوران37شہری شہیداور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی

حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کو پسپا کر تے ہوئے 17اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعوی‘اسرائیلی فوج کا مزید 20لبنانی دیہات خالی کرنے کا حکم

بیروت ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے پچھلے24گھنٹوں کے دوران لبنان پرحملوں میں37شہری شہیداور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حملے میں حزب اللہ کے متوقع سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے. حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کی د راندازی کی کوشش کو پسپا کر تے ہوئے ایک ہی روز میں 17اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر 100راکٹ داغے گئے جس سے آگ بھڑ ک اٹھی.

لبنان کی وزارت پبلک ورکس اینڈ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق بیروت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آس پاس جمعہ کی صبح اسرائیل نے حملہ کیا جبکہ لبنانی وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ 24گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں سے 37افراد ہلاک اور 151زخمی ہوگئے ہیں. عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے 20 گاﺅں پر بھی بمباری کی جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے صیہونی فوج نے نباتیہ سمیت 70 گاﺅں خالی کرنے کا حکم بھی دے دیا.
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق رات گئے ہونے والے یہ حملے حسن نصراللہ پر کئے گئے حملے سے زیادہ بڑے تھے جس کا ہدف ممکنہ طور پر حزب اللہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین تھے قطری ٹی وی”الجزیرہ“ نے بتایا کہ حملوں میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیںا سرائیلی حملوں کے باعث 12 لاکھ شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے2ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں حزب اللہ نے جواب میں شمالی اسرائیل پر 100 راکٹ داغ دئیے ساحلی علاقے نہاریہ میں آگ بھڑک اٹھی.
دوسری جانب حزب اللہ کے مطابق کفر کلا قصبے میں واقع فاطمہ بارڈر کراسنگ کے قریب لبنانی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کو پسپا کر دیا گیا اسرائیلی آرمی پریس آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی کے ابتدائی دنوں میں اس کی افواج کو نقصان اٹھانا جاری ہے حزب اللہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوں نے جھڑپوں کے دوران 17اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے.
بیان میں کہا گیا کہ اسلامی مزاحمتی آپریشن روم اپنے معتبر سیکورٹی ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتا ہے بہادر جنگجوں سے ہونے والے معرکوں میں صہیونی دشمن کی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے تاہم اسرائیلی فوج نے اسکی تصدیق یا تردید نہیں کی. اسرائیلی فوج نے لبنان پر زمینی حملے کے بعد سے اب تک صرف 9فوجی ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے دریں اثناءجی سیون ممالک نے اسرائیل پر ایرانی حملے پر اظہار تشویش کیا ہے اور مشرق وسطی میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو خطے میں قیام امن کی راہ میں بڑا خطرہ قراردیا ہے جی سیون ممالک کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے حملے کے جواب میں اسرائیلی کارروائی سے خطے میں مزید کشیدگی کے خطرات بڑھ گئے ہیں.