تل ابیب : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیلی وزیرِ خارجہ یسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو ملک میں داخلے سے روک دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو اسرائیل پر ایران کے بڑے میزائل حملے کی واضح طور پر مذمت کرنے میں ناکامی پر اسرائیل میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل چند دن میں ایران پر جوابی حملہ کر سکتا ہے ، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران کی تیل تنصیبات اور دیگر اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کابدلہ قرار دیا ہے۔