نیویارک: (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان اسرائیل جنگ پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ لبنان میں مکمل جنگ کو ہرصورت روکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کو ایک اور غزہ نہیں بننا چاہیے، لبنان میں مکمل جنگ تباہی کا باعث بنے گی۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ لبنان کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے، لبنان کی اپنے مسلح افواج کو مضبوط کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
اجلاس میں فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کیلئے 21 دن کی عارضی جنگ بندی پر امریکا کے ساتھ کام کر رہے ہیں، عارضی جنگ بندی کا منصوبہ جلد سامنے آ جائے گا۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں سفارت کاری کو ترجیح دے گا، سفارتکاری ناکام ہوئی تو اسرائیل تمام ذرائع استعمال کرے گا۔
اسرائیلی مندوب کا کہنا تھا کہ حزب اللہ نے کارروائیاں روکیں تو اسرائیل فوری طور پر رک جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
جی 20 وزارئے خارجہ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگیں اور سیاسی تنازعات امن وسلامتی کی کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں، خطے میں بڑھتے بحرانوں سے نمٹنے کیلئے جامع اصلاحات ضروری ہیں۔