پاکستان ریلوے کی جانب سے مختصر فاصلے کے سفر پر یہ اضافہ خاص طور پر 250 کلومیٹر تک کیا گیا
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کے چند روز بعد ہی 50 فیصد تک اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان ریلوے نے اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 10 سے 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے، یہ فیصلہ کراچی سے حیدرآباد، ٹنڈو آدم، ٹنڈو جام اور کوٹری سمیت مقبول راستوں پر سفر کرنے والے بہت سے مسافروں کو متاثر کرے گا، اسی طرح لاہور اور سیالکوٹ کے ساتھ ساتھ نارووال، نارنگ منڈی اور فیصل آباد سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کو بھی زائد کرایہ ادا کرنا ہوگا، مختصر فاصلے کے سفر کے نام پر یہ اضافہ خاص طور پر 250 کلومیٹر تک کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کرایوں میں 50 فیصد تک کا یہ اضافہ چند روز قبل ہی ٹکٹوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کرنے کے بعد کیا گیا ، جس کے بارے میں ترجمان ریلوے کا کہنا تھا ’ پاکستان ریلوے کے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر ریلوے کرائے بھی کم کردئیے گئے ہیں، پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے، ایکسپریس، میل ٹرینوں کی تمام اے سی اور اکانومی کلاسوں کے کرائے 10 فیصد کم کردئیےگئے ہیں‘، نئےکرائے 23 ستمبر 2024ء سے نافذ العمل ہونے کا کہا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی ، جس کے تحت پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 10 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ، اسی طرح مٹی کا تیل 11 روپے 15 پیسے فی لٹر سستا ہوا جب کہ حکومت نے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے 12 پیسے فی لٹر کمی کی ۔
بتایا جارہا ہے کہ پٹرول کی موجودہ قیمت 10 روپے فی لٹر کمی کے بعد آئندہ 15 روز کے لئے فی لٹر نئی قیمت 249 روپے 10 پیسے ہوگئی ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی ہونے کے بعد 249روپے 69 پیسے فی لٹر نئی قیمت ہوچکی ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 12 روپے 12 پیسے فی لٹر کم ہو کر 141روپے 93 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 15 پیسے فی لٹر کمی ہونے کے بعد نئی قیمت 158روپے 47 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔