تہران: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) ایران میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے خراسان میں دارالحکومت تہران سے تقریباً 540 کلومیٹر جنوب مشرق میں طبس شہر کے قریب کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا۔
سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ حادثہ مدانجو کمپنی کے زیر انتظام کان کے 2 بلاکس میں میتھین گیس کے پھٹنے سے پیش آیا، دھماکے کے وقت بلاکس میں 69 کارکن موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 24 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
سرکاری ٹی وی نے ایران کے ہلال احمر کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت کوئلے کی کان میں کان کنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دھماکے کے بعد علاقے میں ہنگامی اور ریسکیو عملے کو بھجوا دیا گیا، حکام نے اموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔