تل ابیب: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیل نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کیخلاف گرفتاری کے وارنٹ کے لئے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کی درخواست کو سرکاری طور پر چیلنج کر دیا ہے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان نے مئی میں عدالت سے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم پر نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
ترجمان وزارتِ خارجہ اورین مارمورسٹین نے ایکس پر کہا ریاست اسرائیل نے اپنا باضابطہ چیلنج آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں پیش کر دیا اور ساتھ ہی اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے لیے پراسیکیوٹر کی درخواستوں کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھایا ہے۔
پراسیکیوٹر کریم خان نے حماس کے سرکردہ رہنماؤں یحییٰ سنوار، اسماعیل ہانیہ اور محمد الضیف کے خلاف بھی جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم کے شبہ میں وارنٹ طلب کئے تھے۔
اسرائیل کے مطابق الضیف 13 جولائی کو جنوبی غزہ میں ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے حالانکہ حماس اس کی تردید کرتی ہے، عدالت بدستور نتن یاہو اور گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کے لیے خان کی درخواست پر غور کر رہی ہے۔