مصر کا بھارتی لڑاکا طیاروں کی خریداری کا متوقع معاہدہ، اسرائیل تشویش میں مبتلا

قاہرہ: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) مصر آنے والے ہفتوں میں جدید بھارتی لڑاکا طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے اسرائیل میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر کے بین الاقوامی ایئر شو کے ختم ہونے کے چند دن بعد ایک مصری وفد نے ہندوستان کا دورہ کیا اور وضاحت کی کہ مصری وفد کے دورے کا مقصد بھارت سے تقریباً 18 لڑاکا طیاروں کی خریداری کے بارے میں بات چیت کرنا تھا، جبکہ مصر میں جیٹ طیاروں کی بحالی کا مرکز قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستان ایوی ایشن لمیٹڈ مصر کو دھرو مچ 3 ہلکے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کے لئے بھی بات چیت کر رہا ہے جو نقل و حمل، طبی انخلا اور جاسوسی کے مشن کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مصر نے قاہرہ کے شمال مغرب میں واقع شہر العلمین الجدیدہ میں مصر کی بین الاقوامی ہوا بازی اور خلائی نمائش کا انعقاد کیا تھا، اس ایئر شوز میں دنیا بھر کے 100 سے زیادہ ملکوں کے 300 سے زائد طیارہ ساز اداروں اور خلائی صنعتوں نے شرکت کی تھی، تقریبات کے دوران سول، ملٹری اور پائلٹ طیاروں کے مختلف ماڈلز کی نقاب کشائی کی گئی۔

یاد رہے مصر اور اسرائیل کے درمیان اس وقت غزہ کی صورتحال میں پیش رفت، فلاڈیلفی کوریڈور پر اسرائیل کا کنٹرول اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے کوریڈور میں سرنگوں کی موجودگی کے جھوٹے الزامات نے قاہرہ کو مشتعل کر دیا ہے۔