پھر سے ڈالر کی اونچی اڑان شروع

روپیہ کمزور ہونے سے ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) پھر سے ڈالر کی اونچی اڑان شروع ، روپیہ کمزور ہونے سے ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری پر سوالیہ نشان لگنے اور روپے کی قدر میں تنزلی کے خدشات کے باعث کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان دوبارہ شروع ہو گئی۔ کئی ماہ سے اوپن مارکیٹ میں 280 روپے کی قیمت کے آس پاس ٹریڈ ہونے والا امریکی ڈالر پیر کے روز 281 روپے کی سطح سے اوپر چلا گیا۔
جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 14پیسے کے اضافے سے 278روپے 70پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 17پیسے کے اضافے سے 281روپے 03پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی کی زد میں رہی۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 282.72 پوائنٹس کی کمی سے 78615.00 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گذشتہ جمعے کی نسبت 34فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 49کروڑ 11لاکھ 24ہزار 197 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 443 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 155 کے بھاؤ میں اضافہ، 228 کے داموں میں کمی اور 60 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے سبب 51.46فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 23ارب 79کروڑ 91لاکھ 09ہزار 735روپے ڈوب گئے۔ معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کے 18ستمبر کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کا نام شامل نہ ہونے سے قرض پروگرام کی منظوری میں مزید تاخیر کے خدشات نے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو محتاط ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔