دمشق : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) شام پر اسرائیل نے بڑا فضائی حملہ کیا ہے، اس بات کا دعویٰ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملہ شام میں دمشق کے اطراف میں کیا گیا ہے ، اسرائیلی طیاروں نے 15 سے زائد حملے کیے ہیں۔
شامی میڈیا نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے مسیاف شہر کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا ہے، یہ حالیہ مہینوں میں شام پر ہونے والے سب سے بڑے اسرائیلی حملے ہیں، ان صہیونی حملوں میں سائنسی تحقیقی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق شام پر اسرائیلی حملے میں شہید افراد کی تعداد 14 ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر شامی سرکاری ہسپتال مسیاف کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق افراد عام شہری تھے۔
شامی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں شامی فضائی دفاع نے کچھ میزائلوں کو مار گرایا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران، اسرائیل نے شام میں درجنوں فضائی حملے کیے ہیں، خاص طور پر یہ حملے 2011 میں شروع ہونے والی جنگ کے دوران ایرانی ملیشیا کے خلاف کئے گئے تاہم 7 اکتوبر 2023 کی تاریخ نے اس حکمت عملی کا رخ تبدیل کر دیا اور اس تاریخ کے بعد اسرائیل نے شام میں 180 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔