مراکش : شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، متعدد ہلاک، 14 افراد لاپتا

رباط : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) مراکش میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سیلاب سے مختلف حادثات کے دوران 11 افراد ہلاک، 14 لاپتا اور متعدد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکشی حکام کاکہنا ہے سیلاب سے مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوئے اور 14 افراد لاپتا ہیں۔

حکام کے مطابق سیلابی ریلوں سے 40 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 90 سے زیادہ شاہراہیں تباہ ہوگئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی مراکش کے صوبے ٹاٹا، ٹزنیٹ اور ایراکیڈیا کے سیلاب متاثرہ قصبوں میں بجلی، پانی اور مواصلات کا نظام بھی متاثر ہوگیا ہے، حکام کی جانب سے ہائی ویز پر سفر کرنے والے ڈرائیورز کو خراب موسم میں احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

محکمہ موسمیات نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر حد نظر متاثر ہونے سے بھی خبردار کیا ہے۔

مراکشی محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں تیز طوفانی برساتیں شند روز تک جاری رہنے سے متعلق بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔