سیرنوبیو: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلینونی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر زیلینسکی نے اپنے اتحادی ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے خلاف یوکرین کی جنگ میں زیادہ سے زیادہ ہتھیاروں کی فراہمی میں یوکرین کی مدد کریں۔
دونوں رہنماؤں نے شمالی اٹلی کے شہر سیرنوبیو میں ملاقات کی جہاں یورپی ملکوں کے اجلاس کے موقع پر یہ دنوں رہنما بھی موجود تھے، اس موقع پر اٹلی کی طرف سے وزیراعظم جیورجیا میلینونی نے کہا کہ اٹلی یوکرین کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اس لئے اٹلی نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل کی ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ہتھیار صرف یوکرین کی سرزمین پر ہی استعمال ہونے چاہئیں۔
دوسری جانب یوکرینی صدر نے اٹلی پہنچنے سے ایک روز پہلے جرمنی میں ایک امریکی ایئربیس پر امریکہ اور یورپی اتحادیوں کے سامنے اپنی جنگی صورتحال اور ضروریات پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ جہاں امریکہ نے یوکرین کے لئے مزید 250 ملین ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا، یوکرین کے صدر نے جرمن چانسلر اولف شولز سے بھی ملاقات کی۔