مغربی کنارہ : طوباس میں اسرائیلی حملہ ، گاڑی میں سوار 5 فلسطینی شہید

یروشلم : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) فلسطینی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ مغربی کنارے کے شمال میں طوباس میں ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا ایپ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف خطرہ بننے والے مسلح افراد پر تین فضائی حملے کیے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے طوباس میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا جہاں بعد ازاں دھماکے سنے گئے۔ اس سے قبل 28 اگست کو اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمال میں جنین، طوباس اور طولکرم میں فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

رام اللہ میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے ان تک 40 فلسطینیوں کو شہید جا چکا ہے جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 140 سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز جنین میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔