بھارتی اداکارہ چارمیلا کے 28 فنکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات

ممبئی(این این آئی) ملیالم فلموں کی بھارتی اداکارہ چارمیلا نے 28 فنکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے ہیں۔ملیالم فلم انڈسٹری میں جنسی ہراسانی سے متعلق ہیما کمیٹی کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد کئی اداکاراؤں نے ساتھی اداکاروں اور فلمسازوں پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے ہیں۔چارمیلا نے انکشاف کیا کہ 27 سال قبل انہیں ہراساں کیا گیا اور ان کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 1997 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران، پروڈیوسر سے ملاقات کے لیے بلایا گیا، جہاں پروڈیوسر اور اس کے ساتھیوں نے ان کے اسسٹنٹ پر حملہ کیا اور انہیں بھی ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ چارمیلا نے اس واقعے کے بعد پولیس سے مدد طلب کی اور والد کو فون کیا۔اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں فلموں سے نکالنے کی وجہ ‘ایڈجسٹ’ نہ کرنے کا انکار تھا، جو کہ کوڈ ورڈ میں جسمانی تعلق بنانے سے انکار کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ایک اور واقعے میں چارمیلا نے بتایا کہ ملیالم ہدایت کار ہری ہرن نے بھی ‘ایڈجسٹ’ کرنے کا کہا تھا، انکار پر انہیں اور ایک اور اداکار کو فلم سے نکال دیا گیا۔ اداکار وشنو نے بھی چارمیلا کے الزام کی تصدیق کی۔ہیما کمیٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملیالم فلم انڈسٹری میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنا ایک عام بات ہے اور انڈسٹری کے بڑے نام بھی اس میں ملوث ہیں۔