پاکستان میں گیس کے ذخائرتیزی سے ختم ہورہے ہیں

مکوآنہ ( این این آئی )چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن(رجسٹرڈ) چوہدری اعجاز احمد ناگرہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گیس کے ذخائرتیزی سے ختم ہورہے ہیں جبکہ بجلی مقامی زرائع کے بجائے درآمد شدہ ایندھن سے بنائی جا رہی ہے، اس پر مستزاد کپیسٹی چارجز، لائن لاسز، چوری اور بل نادہندگی ہے، جس کی وجہ سے بجلی مسلسل مہنگی ہورہی ہے اوراسی سے سارا ملک متاثرہورہا ہے۔ان حالات میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ڈالرمہنگا ہوگا توبجلی اورگیس کیسے سستی ہوسکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف ڈیم، سولر پاور اور ونڈ پاوروغیرہ کومسلسل نظراندازکیا جاتا رہا ہے تودوسری طرف زیادہ توانائی استعمال کرنے والی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا گیا جس نے ملکی معیشت کے لئے بڑے خطرات کھڑے کر ڈالے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کا موجودہ انرجی مکس، صنعتوں کے مستقبل اور معیشت کے لئے مصیبت بنا ہوا ہے اوروہ وقت دورنہیں جب مختلف صنعتی گروپ سستی توانائی کے حصول کے لئے در بدر ہونگے جس میں کمزورگروپ ہارجائیں گے جیسا کہ سی این جی سیکٹرکی تباہی کی صورت میں دیکھا جا چکا ہے۔