غزہ : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری آپریشن میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلال احمر کے ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے آپریشن میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہلالِ احمر کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں اور حملوں میں جنین شہر میں 2، قریبی گاؤں میں 4 اور شہر طوباس کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ میں مزید 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج (IDF) نے مغربی کنارے کے شمالی حصے میں فلسطینیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کے کئی دن تک جاری رہنے کا امکان ہے اس آپریشن کامقصد مطلوبہ افراد کی گرفتاری اور بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی زیادہ تر طولکرم کے علاقے پر مرکوز ہے، لیکن فوجی دستے جنین اور طوباس کے قریب الفارعہ کیمپ میں بھی موجود ہیں، فوج نے الاغوار میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ کے نزدیک واقع ہسپتالوں کا گھیراؤ کر رکھا ہے تا کہ مسلح افراد کو وہاں پہنچنے سے روکا جا سکے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وسطی غزہ میں دیر البلاح اور جنوب میں خان یونس پر حالیہ حملوں میں کم از کم 20 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کا ایک اور دور قطر میں جاری ہے، جس کے لیے اسرائیلی وفد آج قطری دارالحکومت دوحہ پہنچے گا ، اس سے پہلے قاہرہ میں ہونے والا مذاکرات کا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔