ایران کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ وہ اسرائیل پر حملہ نہ کرے : وائٹ ہاؤس

واشنگٹن : (انٹرنیشنل ڈیسک ) وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ ایران کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ وہ اسرائیل پر حملہ نہ کرے ، ایرانی حملے کی صورت میں امریکا اسرائیل کے دفاع کا پابند رہے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ حملے کے امکان کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کرنا مشکل ہے تاہم وائٹ ہاؤس ایران کے مؤقف کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ابھی تک اچھی پوزیشن میں ہیں اور اگر انھوں نے ارادہ کر لیا تو وہ حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اسی وجہ سے ہم نے خطے میں اپنی افواج میں اضافہ کر دیا ہے۔

کربی نے مزید کہا کہ ایران کے لیے ہمارا پیغام یکساں تھا اور یکساں رہے گا ، پہلا یہ کہ ایسا نہ کرے کیونکہ اس معاملے کو بڑھانے کی کوئی وجہ موجود نہیں ، ایک جامع علاقائی جنگ شروع کرنے کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی، دوسرا یہ کہ اگر جنگ تک نوبت پہنچی تو ہم اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے صدر جوبائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کی جانب سے اگر کوئی حملہ ہوا تو امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہو گا اور بھرپور دفاع کرے گا۔