اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمایہ کاروں کا ٹھیک ٹھاک نقصان

بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے اثرات، اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز مندی کی لپیٹ میں رہی

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمایہ کاروں کا ٹھیک ٹھاک نقصان، بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے اثرات، اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز مندی کی لپیٹ میں رہی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 287پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران بینکنگ آئی ٹی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں فوری منافع کے حصول کے لیے حصص کی آف لوڈنگ سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔
ایک موقع پر 493پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں اچھے مالیاتی نتائج کی بنیاد پر نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال، تاجروں کی ہڑتال کی کال اور رول اوور ویک کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی مندی رہی جس کے سبب 51فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں۔
نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 486.82 پوائنٹس کی کمی سے 78084.24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا اور سرمایہ کاروں کے مزید 53ارب 99کروڑ 64لاکھ 16ہزار 479روپے ڈوب گئے۔ منگل کے روز مجموعی طور پر 59کروڑ 15لاکھ 11ہزار 522vحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 436 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 163 کے بھاؤ میں اضافہ 222 کے داموں میں کمی اور 51 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
یہاں واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج مسلسل تیسری مرتبہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی کا شکار ہوئی۔ چند ہفتوں قبل 81 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی اوپر چلی جانے والی مارکیٹ گزشتہ 3 ہفتوں سے مجموعی طور پر مندی کی لپیٹ میں ہے۔ ماہرین کی جانب سے پیشن گوئی کی جا رہی تھی کہ رواں سال دسمبر تک پاکستان اسٹاک مارکیٹ 1 لاکھ پوائنٹس کی سطح کو عبور کر سکتی ہے۔ تاہم گزشتہ چند ہفتوں کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مارکیٹ کے 1 لاکھ پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے کے امکانات قدرے کم لگ رہے ہیں۔