مزید 1 لاکھ ٹن چینی بیرون ممالک فروخت کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا گیا
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) چینی مہنگی ہونے کا امکان، مزید 1 لاکھ ٹن چینی بیرون ممالک فروخت کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال خان بھی شریک تھے۔ اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق ملک میں چینی کے اسٹاک کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، شوگر ایڈوائزری بورڈ نے 1 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی۔
اعلامیہ کے مطابق چینی کی برآمد کی حتمی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی دے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویرحسین نے کہا کہ ملک میں سرپلس چینی موجودہے، چینی کی ایکس ملز پرائس میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوگا، چینی کی برآمد کیبنٹ کے طرف سے طے شدہ شرائط پر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دے چکی، جبکہ پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت کے دور میں اس وقت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھی شوگر ملوں کو چینی بیرون ممالک فروخت کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دعوٰی کیا گیا تھا کہ اس فیصلے سے چینی مہنگی نہیں ہو گی۔
تاہم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے شوگر ملوں کو چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کے فیصلے کے باعث ملک میں 90 سے 95 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والی چینی کی قیمت 200 روپے سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ بعد ازاں چینی کی قیمت میں کچھ کمی آئی تاہم تاحال چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے سے نیچے نہیں آ سکی۔ ایک رپورٹ میں چینی کی فی کلو اوسط قیمت میں 6 سال میں 202 فیصد تک اضافے کا انکشاف سامنے آیا، مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ موجودہ دور حکومت چینی کی زیادہ قیمتوں کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں ، اتحادی دور میں قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنی تھی۔
ذرائع نے کہا کہ ستمبر2022 میں شوگر کی فی کلو اوسط قیمت سب سے زیادہ 166 روپے ہوگئی تھی جبکہ اکتوبر اورنومبر2018 میں فی کلو اوسط قیمت55 روپے تھی۔مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ مالی سال 19-2018 سے 24-2023تک شوگر کی فی کلو اوسط قیمت 125فیصد بڑھی، پی ٹی آئی حکومت میں فی کلو قیمت میں40.63 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد فی کلو قیمت 60 فیصد بڑھی۔مالی سال19-2018 میں شوگر کی فی کلو اوسط ریٹیل قیمت 64 روپے ، مالی سال20-2019 میں ریٹیل قیمت81 روپے جبکہ مالی سال21-2020 میں قیمت بڑھ کر 98 روپے ہوگئی تھی۔مالی سال22-2021 میں شوگر کی فی کلو سالانہ اوسط قیمت 90 روپے، مالی سال23-2022 میں قیمت 116 روپے اور مالی سال24-2023 میں اوسط قیمت 144 روپے پر پہنچ گئی۔