اسٹیٹ بینک کا پلاسٹک کےکرنسی نوٹ جاری کرنے پر غور

اسلام آباد (این این آئی)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے واضح کیا ہے کہ 5 ہزار روپے کے نوٹ ختم کرنے کی ابھی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے، اس حوالے سے پہلے بھی تجاویز آتی رہی ہیں مگر انہیں تسلیم نہیں کیا گیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں رکن کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ 5 ہزار روپے کا نوٹ کرپشن سمیت دیگر مسائل کی وجہ بن رہا ہے، 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم ہونا چاہیے، یہ معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا تھا، پانچ ہزار روپے کا نوٹ اگر بند کردیا تو یقین دلاتا ہوں مارکیٹ میں یہ نوٹ تین ہزار کا فروخت ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے واضح کیا کہ 5 ہزار روپے کے نوٹ ختم کرنے کی ابھی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، اس حوالے سے پہلے بھی تجاویز آتی رہی ہیں مگر انہیں تسلیم نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ابھی ہم جو نئے ڈیزائن کے نوٹ لانے جارہے ہیں اس میں بھی پانچ ہزار روپے کا نوٹ شامل ہے، پلاسٹک کے نئے نوٹ لانے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پلاسٹک کرنسی کے لیے دیکھا جائے گا کہ اس کی عمر کیا ہے، فی نوٹ لاگت کیا ہے، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پلاسٹک کرنسی کے لیے سیکیورٹی فیچر کس قدر پائیدار اور طویل ہیں۔جمیل احمد نے کہا کہ ابھی ٹیسٹ کے لیے ابتدائی طور پر ایک نوٹ پلاسٹک کرنسی میں متعارف کروانا چاہ رہے ہیں، اگر یہ نوٹ پائیدار ہوئے اور سیکیورٹی فیچر لانگ ٹرم ہوئے تو ہم متعارف کروائیں گے ورنہ یہ شاید قابل عمل نہ ہو۔